07:39 , 26 اپریل 2026
Watch Live

پاکستان نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر اپنی طاقت منوا دی، عطا تارڑ

عطا تارڑ

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی طاقت ثابت کر دی ہے اور قوم اپنی عزت و وقار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل کاکول میں پہلگام واقعے پر واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا، جو سفارتی سطح پر ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کا مؤثر جواب دیا اور وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پہلگام واقعے کو المیہ قرار دیتے ہوئے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی۔

عطا تارڑ کے مطابق پاکستان نے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا جبکہ عالمی سطح پر اس معاملے پر تشویش اجاگر کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے مؤقف کو کئی بیرونی ممالک کی حمایت حاصل ہوئی، جس کے بعد بھارت دفاعی پوزیشن پر آ گیا۔

انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرنے کے بجائے خود دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے، اور بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسے گروپس کے روابط بھارت سے ملتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار ہے اور اس جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے ملک کا کامیاب دفاع کیا اور دشمن کو مؤثر جواب دے کر اپنی برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا، اور عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مضبوط انداز میں سامنے آیا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کا حوصلہ بھی بلند ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION